
اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کشیدگی ،پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتیں اور غیر یقینی معیشت کےلئے چیلنج بن گئی ہے ،
اپنے ایک بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان نے معاشی میدان میں بمشکل استحکام حاصل کیا تھا ،موجودہ حالات نے متعدد خطرات کو جنم دیدیا ہے، عالمی مارکیٹ میں آئل کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے پاکستان کی سبسڈی دینے کی صلاحیت ختم ہو سکتی ہے،
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک صورتحال کو بہتر طریقے سے کنٹرول کیا ہے مگر مسلسل غیر یقینی بڑے اقدامات کا تقاضا کرتی ہے، حکومت سپلائی چین کو بحال رکھنے اور انتہائی غریب طبقات کے ساتھ انڈسٹری کا پہیہ رواں رکھنے کیلے بھی اقدامات کرے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ اگر ان حالات میں انڈسٹری متاثر ہوئی تو بے روزگاری کی صورت میں عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے شانہ بشانہ ہر مشکل صورتحال میں بہتر پالیسی سازی کیلئے ساتھ کھڑی ہے۔




