
جوہری تحفظ کی کوئی سرحد نہیں ہے، رپورٹ
بیجنگ ()
ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی فوجی حملوں کے دوران بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ سمیت متعدد ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ چائنا میڈیا گروپ کے تحت سی جی ٹی این کی جانب سے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کے درمیان کرائے گئے ایک حالیہ سروے کے مطابق، 89.2 فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ عالمی سطح پر جوہری پھیلاؤ اور جوہری سلامتی کے خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
سروے میں 92.6 فیصد جواب دہندگان کا ماننا ہے کہ ہر ملک کی جانب سے اپنے قومی حالات کے مطابق موزوں ترین جوہری سلامتی کی پالیسیوں اور اقدامات کو اپنانے کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ 91.4 فیصد جواب دہندگان سمجھتے ہیں کہ جوہری تحفظ کی کوئی سرحد نہیں ہے، جوہری توانائی کا پرامن استعمال بنی نوع انسان کی مشترکہ خواہش ہے جبکہ جوہری سلامتی کو یقینی بنانا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 74.1 فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ بین الاقوامی برادری کو جوہری مواد اور تنصیبات کی نگرانی اور تحفظ کو مزید مضبوط بنانا چاہیے، اوراس سلسلسے میں جوہری طاقتوں پر خصوصی اور زیادہ تر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ سروے میں 84.2 فیصد جواب دہندگان نے اس حوالے سے چین کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف ایک پرامن اور مستحکم بین الاقوامی ماحول پیدا کرنے سے ہی جوہری دہشت گردی اور جوہری پھیلاؤ کے مسائل کو بنیادی طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔
یہ سروے سی جی ٹی این کے انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، عربی اور روسی پلیٹ فارمز پرکرایا گیا اور 24 گھنٹوں کے اندر 12,768 نیٹیزنز نے اس میں حصہ لیا اوراپنی رائے کا اظہار کیا۔




