
ایران کے پرائمری اسکول پر حملہ، انسانی اخلاقیات کی حدود کو عبور کرنے کے مترادف ہے، چینی مندوب
اقوام متحدہ () ایران، چین اور کیوبا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 61 ویں اجلاس میں ایران کے میناب شہر کے ایک پرائمری اسکول پر امریکی فضائی حملے کے بارے میں ہنگامی مباحثہ ہوا۔ اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے لئے چین کے مستقل مندوب سفیر جیا گوئی دے نے چین کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میناب پرائمری اسکول پر حملہ، انسانی اخلاقیات کی حدود کو عبور کرنے کے مترادف ہے ، انسانی حقوق کی سب سے بڑی پامالی ہے، اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریحاً بے حرمتی ہے۔ چین اس پر شدید صدمے کا شکار ہے اور سختی سے اس کی مذمت کرتا ہے اور متاثرہ افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
سفیر جیا گوئی دے نے نشاندہی کی کہ امریکہ اور اسرائیل نے سیکیورٹی کونسل کی اجازت کے بغیر ایران پر جارحانہ حملہ کیا، جو اس المیے کی بنیاد ہے۔ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں نے نہ صرف ایرانی رہنماوں کو قتل کیا اور ایرانی عوام کے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کی بلکہ مشرق وسطی کے تنازعات کو بھی بڑھا دیا، اور خطے کے ممالک کو اس میں شامل ہونے پر مجبور کر دیا۔ سفیر جیا گوئی دے نے زور دیا کہ تمام حساس مسائل کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے، طاقت کے استعمال سے نہیں۔ تمام فریقوں کو چاہیے کہ امن مذاکرات کے عمل کو شروع کرنے کے تمام مواقع سے فائدہ اٹھائیں، عملی اقدامات کے ذریعے خطے کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کریں اور مشرق وسطی کے امن و استحکام کو برقرار رکھیں۔




