
تہران: (آئی پی ایس) ایرانی فورسز نے قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی کی شہادت کے بعد وسطی اسرائیل پر کلسٹر میزائلوں سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں جانی نقصان ہوا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے وسطی اسرائیل پر ایک بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں تل ابیب سمیت کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ ایک کلسٹر میزائل فضا میں پھٹا اور اس کے جلتے ہوئے ٹکڑے وسیع علاقے میں پھیل گئے جس کے اثرات تل ابیب کے مختلف علاقوں میں دیکھے گئے۔
یروشلم، رامات گن اور بنی براک سمیت مرکزی اسرائیل کے مختلف مقامات پر بھی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس حملے میں ایک 70 سالہ مرد اور خاتون ہلاک ہو گئے جو کسی محفوظ پناہ گاہ میں موجود نہیں تھے، شارون کے علاقے میں کم از کم پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وسطی اسرائیل میں ایرانی میزائل حملوں سے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا، ایرانی میزائلوں سے کم از کم چار مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے گزشتہ چند گھنٹوں میں اسرائیل اور اس کے اہلکاروں پر درجن سے زائد حملوں کا اعلان کیا ہے، گروپ کے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیانات کے مطابق حزب اللہ نے اطلیت بیس پر اسرائیلی فوج کے بحری یونٹ کو نشانہ بنایا، جو حیفا کے جنوب میں واقع ہے۔
اہلکاروں نے اسی بیس پر خصوصی میزائلوں کی بوچھاڑ کی، حزب اللہ نے جنوبی لبنان اور اسرائیل میں اسرائیلی فوجیوں کے گروپوں کو بھی نشانہ بنایا۔





