پاکستان

ایچ خورشید کی سیاسی جدوجہد، دیانتداری اور عوامی خدمت کا جذبہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے،سید منظور شاہ

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) سینئر حریت رہنما سید منظوراحمد شاہ نے کہا ہے کہ خورشید الحسن خورشید ایک نڈر، بے باک اور اصول پسند رہنما تھے جو ہمیشہ حق اور سچ کی راہ پر ڈٹے رہے۔ ان کی پوری زندگی جمہوری اقدار، دیانتداری اور عوامی خدمت کی روشن مثال تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلانے اور آزاد کشمیر میں جمہوری شعور کو فروغ دینے میں کے ایچ خورشید کا کردار تاریخ کے سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔


سابق صدر ریاست اور “خورشیدِ ملت” کے لقب سے معروف خورشید الحسن خورشید کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سید منظور شاہ نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کے احیاء اور مضبوطی کے لیے کے ایچ خورشید کی خدمات ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید نہ صرف جمہوری اقدار کے امین تھے بلکہ کشمیری قوم کے ایک عظیم رہنما بھی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اصولوں، حق گوئی اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی جدوجہد ہمیشہ اصولوں پر مبنی رہی اور انہوں نے کبھی ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دی۔ ان کی سیاسی بصیرت، دیانتداری اور عوام کے ساتھ مخلصانہ تعلق انہیں دیگر رہنماؤں سے ممتاز بناتا تھا۔ سید منظوراحمد شاہ نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی قیادت میں آزاد کشمیر میں جمہوری سوچ کو مضبوط بنیادیں ملیں اور انہوں نے کشمیری عوام کے سیاسی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔


سینئر حریت رہنما نے مزید کہا کہ کے ایچ خورشید کی شخصیت سادگی اور اصول پسندی کا اعلیٰ نمونہ تھی۔ وہ ایک بڑے عہدے پر فائز رہنے کے باوجود انتہائی سادہ طرزِ زندگی اختیار کیے ہوئے تھے۔ صدارت کا منصب چھوڑنے کے بعد بھی انہوں نے عام شہری کی طرح زندگی گزاری اور ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کی کوشش کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیری عوام انہیں بے حد احترام اور محبت سے یاد کرتے ہیں۔
سید منظوراحمد شاہ نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی سیاسی جدوجہد، دیانتداری اور عوامی خدمت کا جذبہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ ان کی قربانیوں، خدمات اور جمہوریت کے لیے دی گئی جدوجہد کو یاد رکھیں گے اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق و انصاف کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی زندگی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اصولوں، سچائی اور عوامی خدمت کے ذریعے ہی قوموں کی حقیقی رہنمائی ممکن ہوتی ہے۔ کشمیری قوم آج بھی ان کی خدمات کو فخر اور عقیدت کے ساتھ یاد کرتی ہے اور ان کی برسی کے موقع پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker