
بیجنگ :چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی چودھویں قومی کمیٹی کے چوتھے اجلاس کا آغاز بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہوا۔ چینی صدر شی جن پھنگ سمیت پارٹی اور ریاست کے رہنماؤں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔بدھ کے روز چینی میڈیا کے مطابق سات روزہ اجلاس کے دوران، اقتصادیات، ثقافت، تعلیم، ماحولیاتی وسائل وغیرہ کے 34 شعبوں سے تعلق رکھنے والے 2078 اراکین سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی کی ورک رپورٹ اور تجاویز کی مناسبت سے رپورٹ سنتے ہوئے ان پر غور کریں گے، قومی عوامی کانگریس کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر کے حکومت کی ورک رپورٹ اور دیگر متعلقہ رپورٹس پر بحث کریں گے، اور قومی اقتصادی و سماجی ترقی کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے خاکے کے مسودے پر غور کریں گے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں کثیر جماعتوں کا تعاون اور سیاسی مشاورتی نظام چین کا ایک بنیادی سیاسی نظام ہے۔ سی پی پی سی سی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں ایک اہم ادارہ ہے، جس میں مختلف پارٹیوں، عوامی گروہوں، اقلیتی قومیتوں اور مختلف شعبوں کے نمائندے ریاست کی اہم پالیسیوں پر مشاورت کرتے ہیں۔ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ، مختلف جمہوری جماعتوں، غیر جماعتی افراد، عوامی گروہ، اقلیتی قومیتوں اور مختلف شعبوں کے نمائندوں، تائیوان ، ہانگ کانگ اور مکاو کے ہم وطن اور چین میں واپس آنے والے چینی نژاد افراد کے نمائندوں اور خصوصی مدعو کردہ افراد پر مشتمل ہے ، اور اس کے اہم فرائض سیاسی مشاورت، جمہوری نگرانی اور حکومتی معاملات میں مشاورت کرنا ہیں۔اس کی مدت 5 سال ہوتی ہے اور ہر سال ایک کل رکنی اجلاس منعقد ہوتا ہے۔ اس سال کا اجلاس چودھویں قومی کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہے ۔





