
اسلام آباد(آئی پی ایس): پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ہندو برادری کو ہولی سادگی سے منانے کی اپیل کی مکمل تائید کی ہے، اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنے ہنگامی بیان میں صدرِ مملکت کے اس پیغام کو بروقت اور ذمہ دارانہ قرار دیا ہے، جس میں علاقائی کشیدگی کے پیش نظر عوامی اجتماعات محدود رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے مطابق موجودہ حالات میں قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان کی محب وطن ہندو کمیونٹی ہمیشہ سے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتی آئی ہے۔ پاکستان ہندو کونسل نے کمیونٹی رہنماؤں اور منتظمین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، بڑی تقریبات کے انعقاد سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے امید ظاہر کی کہ رواں برس ہولی کا تہوار امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، موجودہ حالات اعتدال اور تحمل کا تقاضا کرتے ہیں، اور ملک کی سلامتی اور قومی ہم آہنگی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے پاکستان ہندو کونسل کو ملک بھر میں ہولی تقریبات کے انعقاد کی تیاریوں پر نظر ثانی کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔





