
اسلام آباد:(آئی پی ایس) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی مبینہ سرپرستی اور سرحد پار حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کی تاجر برادری قومی خودمختاری اور سلامتی کے معاملے پر اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں دیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاک فوج کے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے کیونکہ ایسے اقدامات خطے کے امن، باہمی اعتماد اور تجارتی روابط کو متاثر کرتے ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے افغان طالبان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کریں اور سرحدی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بزنس کمیونٹی قومی سلامتی، معاشی استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور افواجِ پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔




