ٹاپ سٹوریکھیل

پی ایچ ایف کے صدر عہدے سے مستعفی، ہاکی ٹیم کے کپتان پر پابندی لگاگئے

لاہور:(آئی پی ایس) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا کہ اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے اور کپتان عماد بٹ پر 2 سال کی پابندی لگادی ہے، وہ اس عرصے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کہیں نہیں کھیلیں گے۔

آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ بد انتظامی کے واقعے پر طارق بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کرتا ہوں کہ کمیٹی بنائی جائے جو تحقیقات کرے اور تحقیقات میں پرولیگ بے نظمی کا جو ذمہ دار ہو اسے سزا دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس بی کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ اس وقت وہاں سب مینج کرتے، آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے رقم وقت پر ادا نہیں کی، پی ایس بی میں خود گیا کہ ہمارے پیسے بھیج دو مگروہ کہتے ہیں کہ دو ماہ لگیں گے۔

طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پورا شیڈول رانا مجاہد نے اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا ہے اور ہم جس کوالیفائی راؤنڈ کے لیے جا رہے ہیں، ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ہماری ورلڈ رینکنگ 18 ویں تھی اب 13 ویں پوزیشن ہے جو ہماری اچیومنٹ ہے، میں فلیڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا جب کہ وزیراعظم کا شکر گزار ہوں انہوں نے 2 سال مجھے موقع دیا، وزیراعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ رکھے اور ریلیز کیے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انکوائری مکمل کرلی ہے اور 3 رکنی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ تیار کی ہے جسے وزیر اعظم آفس بھیج دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کئی مالی معاملات کا ذکر کیا گیا ہے اور اس انکوائری رپورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker