
بیجنگ:چین کے معاون وزیر خارجہ لیو بین نے ایران کے نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں فریقین نے موجودہ ایرانی جوہری مسئلے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
لیو بین نے کہا کہ چین ہمیشہ ایرانی جوہری مسئلے کے پرامن حل کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کی وکالت کرتا آیا ہے اور طاقت کے استعمال کی دھمکیوں اور پابندیوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کے جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے اور اس بات پر توجہ دیتا ہے کہ ایران متعدد بار یہ اعادہ کر چکا ہے کہ اس کا جوہری ہتھیار تیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایرانی جوہری مسئلے کے مناسب اور پائیدار حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
کاظم غریب آبادی نے ایرانی جوہری مسئلے پر چین کے معروضی اور منصفانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران چین کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔





