
بیجنگ :چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے چین کی جانب سے امریکہ کے خلاف "افراطِ زر میں کمی کے قانون” سے متعلق عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے تنازع میں ماہرین کے پینل کے فیصلے پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔اس فیصلے میں امریکہ کے متعلقہ اقدامات کو عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ہفتہ کے روز ترجمان نے کہا کہ عالمی تجارتی تنظیم نے چین کی جانب سے امریکہ کے خلاف "افراطِ زر میں کمی کے قانون” سے متعلق تنازع میں ماہرین کے پینل کا فیصلہ جاری کیا۔
اس مقدمے میں ماہرین کے پینل نے فیصلہ دیا کہ امریکہ کے صاف توانائی سے متعلق سبسڈی اقدامات عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی خلاف ورزی ہیں، امریکہ کی جانب سے یہ مؤقف مسترد کر دیا کہ مذکورہ اقدامات امریکی "عوامی اخلاقیات” کے تحفظ کے لیے ہیں، اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ سبسڈی اقدامات ختم کرے۔ چین ماہرین کے پینل کی جانب سے دیے گئے معروضی اور منصفانہ فیصلے کا خیرمقدم اور اس کی تحسین کرتا ہے۔چین ہمیشہ عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کا پرعزم محافظ اور بین الاقوامی تجارتی و معاشی نظام کا مضبوط دفاع کرنے والا رہا ہے۔ چین کو امید ہے کہ امریکہ ماہرین کے پینل کے فیصلے اور عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کا احترام کرے گا، جلد از جلد عملی اقدامات کے ذریعے اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح کرے گا، اور بین الاقوامی تجارتی نظام کے استحکام اور منظم ترقی کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرے گا۔




