
بیجنگ : چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چائنا میڈیا گروپ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے فریم ورک کے معاہدے پر دستخط کی تقریب اور صنعتی ثقافت کے پروگرام "چینی کاریگروں کا ریکارڈ” کی تخلیق پر ایک سیمینار بیجنگ میں منعقد ہوا۔ چین کے وزیر صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی لی لہ چھنگ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ نے تقریب میں شرکت کی اور مشترکہ طور پر معاہدے پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔
چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چائنا میڈیا گروپ موضوعاتی تشہیر، میڈیا تعاون اور بین الاقوامی مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری قائم کریں گے اور اپنی اپنی برتریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چین کی صنعت کی کہانی احسن طریقے سے پیش کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کے پروگرام مل کر بنائیں گے۔ شن ہائی شیونگ نے اس موقع پر کہا کہ پروگرام "چینی کاریگروں کا ریکارڈ” چینی کاریگروں کے پائیدار جذبے کو پیش کرتا ہے جو ہزاروں سالوں سے قائم ہے۔ چائنا میڈیا گروپ، وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے پہلا صنعتی ثقافتی پروگرام "چینی کاریگروں کا ریکارڈ” تشکیل دے رہا ہے ۔ یہ پروگرام سی ایم جی کی 85 زبانوں پر مشتمل عالمی نشریاتی برتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کثیر لسانی بین الاقوامی ایڈیشنز میں جاری کیا جائے گا، تاکہ دنیا کو چین کی صنعتی تہذیب کی منفرد دلکشی بھرپور انداز میں دکھائی جا سکے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں چینی دانشمندی فراہم کی جائے۔





