پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پر عملدرآمد، فتح جنگ میں خاتون کو قیمتی پلاٹ واپس مل گیا

فتح جنگ ( نمائندہ خصوصی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت، کمشنر راولپنڈی ، ڈی سی اٹک اور اے سی فتح جنگ کی ہدایات کے مطابق تحصیل فتح جنگ میں قانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہوئے تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور مؤثر اور جرات مندانہ کارروائی عمل میں لائی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ایک مقامی خاتون کی جائیداد پر قائم 15 سالہ ناجائز قبضہ ختم کروا کر قیمتی پلاٹ اصل مالکہ کے حوالے کر دیا گیا۔ متاثرہ خاتون بشریٰ بی بی، سکنہ فتح جنگ، نے بتایا کہ ان کی شادی تلہ گنگ میں ہوئی تھی جبکہ فتح جنگ کے علاقے اکرم سٹی سے ملحقہ ان کا ایک کنال اور تیرہ مرلہ پر مشتمل قیمتی پلاٹ گزشتہ پندرہ برس سے ان کے سگے بھانجے کے ناجائز قبضے میں تھا، جس کے باعث وہ طویل عرصے سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی تھیں۔

گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کے دفتر میں باقاعدہ درخواست دی، جس پر تحصیلدار نے بغیر کسی تاخیر کے عاشر سہیل گرداور کے ذریعے ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کروائی۔ حقائق درست ثابت ہونے پر تحصیلدار خود موقع پر پہنچے اور سرکاری ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے قبضہ ختم کرا کے پلاٹ خاتون کے حوالے کر دیا۔ پلاٹ واگزار ہونے پر بشریٰ بی بی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے، انہوں نے تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے درازیٔ عمر اور مزید کامیابیوں کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اور بے خوف کارروائی نے انہیں برسوں بعد انصاف دلایا۔ مقامی عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوہدری شفقت محمود واقعی مظلوموں کی آواز ہیں اور ان کی قیادت میں تحصیل میں قانون کی بالادستی قائم ہو رہی ہے۔ اس موقع پر تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے واضح کیا کہ غریبوں، بیواؤں اور کمزور شہریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور چند ہی دنوں میں تیس سے چالیس سال پرانے ناجائز قبضے ختم کروا کر حق داروں کو ان کا حق دلایا گیا ہے، جبکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker