
بیجنگ ؔ چین کی وزارت خارجہ کے مطابق عالمی اقتصادی فورم اور سوئس وفاقی حکومت کی دعوت پر، سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹکل بیورو کے رکن اور چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فنگ 19 سے 22 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم 2026 کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور سوئٹزرلینڈ کا دورہ بھی کریں گے۔جمعہ کے روز وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس بریفنگ میں مذکورہ دورے کے حوالے سے کہا کہ نائب چینی وزیر اعظم عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے افتتاحی کل رکنی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ چین فورم میں شرکت کرنے والے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر مکالمے اور تبادلۂ خیال کو فروغ دینے، تعاون پر مبنی اتفاقِ رائے کو مضبوط بنانے، حقیقی کثیرالجہتی نظام پر عمل درآمد، کھلی عالمی معیشت کی مشترکہ تعمیر، اور زیادہ جامع، ہمہ گیر اور مضبوط عالمی ترقی کے فروغ کا خواہاں ہے۔ چین عالمی معیشت میں مزید استحکام اور مثبت توانائی شامل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ نائب وزیرِاعظم حہ لی فنگ کا یہ دورہ فریقین کے درمیان تعاون کے شعبوں کو مزید وسعت دینے، اور چین۔سوئٹزرلینڈ اختراعی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت باہمی مفاد پر مبنی مزید عملی نتائج کے حصول کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔





