
اسلام آباد/اوسلو(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ (ق) (اسکینڈینیویا) کے صدر چوہدری محمد رزاق نے مرکزی قائد چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر فرحاد کوہکن کو پاکستان مسلم لیگ (ڈنمارک) کا چیف کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔
اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق فرحاد کوہکن کو پارٹی کی تنظیمِ نو، استحکام اور رکنیت میں توسیع کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وہ پارٹی کے نظریے کے فروغ، اسلامی اقدار کے تحفظ اور تنظیمی نظم و ضبط کو مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔صدر پاکستان مسلم لیگ (اسکینڈینیویا) چوہدری محمد رزاق نے کہا کہ یہ تقرری وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین کی مشاورت اور قیادت میں کی گئی ہے، جس کا مقصد یورپ بالخصوص اسکینڈینیوین ممالک میں پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانا ہے۔
اس موقع پر فرحاد کوہکن نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سالک حسین سمیت پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان و بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان رابطے مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔چوہدری محمد رزاق نے ناروے اور دیگر یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کریں اور تنظیمی استحکام و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔





