تجارت

پاکستان کی بزنس کمیونٹی آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرے گی، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار فیصل راٹھور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں صنعت و تجارت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایڈوائزر انڈسٹری فہد یعقوب، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو خطے میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل، خصوصاً ڈبل ٹیکسیشن، لاجسٹکس، سیلز ٹیکس اور ڈرائی پورٹ سے متعلق رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں صنعت اور کاروبار کی ترقی کے لیے ان مسائل کا فوری حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کشمیر کی جنت نظیر وادی میں سیاحت کے بے پناہ امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری کرے گی۔

اس موقع پر انہوں نے آزاد کشمیر میں ہائیڈل پاور پروجیکٹس لگانے کی بھی پیشکش کی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار فیصل راٹھور نے اس موقع پر کہا کہ بزنس کمیونٹی قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت بزنس کمیونٹی کو خوش آمدید کہتی ہے اور مسائل کے حل کے لیے مشاورت کے ساتھ پائیدار اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام وسائل بزنس کمیونٹی کے لیے حاضر ہیں اور سیلز ٹیکس، ڈرائی پورٹ سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت جاری رہے گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker