
اقوام متحدہ (آئی پی ایس) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے عارضی نمائندے سن لےنے وینزویلا کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ امریکہ کے یکطرفہ، غیر قانونی اور غنڈہ گردی کے اقدامات حیران کن ہیں اور چین اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔
سن لے نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے وینزویلا کے خلاف امریکی پابندیوں، ناکہ بندیوں اور طاقت کی دھمکیوں کے بارے میں بارہا سخت تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ سلامتی کونسل کے دو ہنگامی اجلاس بلائے گئے جن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس، سلامتی کونسل کے ارکان کی اکثریت، اور علاقائی اور غیر علاقائی ممالک نے متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری، تنازعات کے پرامن حل، کشیدہ صورتحال میں کمی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ تاہم، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کے باوجود ، امریکہ نے بین الاقوامی برادری کی سنگین تشویش کو نظر انداز کیا، وینزویلا کی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق اور مفادات کو بے دریغ پامال کیا، خود مختاری اور مساوات کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کی، اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کی مخا لفت اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی حمایت کی۔ چین اس کی سخت مخالفت کرتا ہے اور عالمی برادری نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
سن لے نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کے مطالبات پر غور کرے، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کرے، دوسرے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی بند کرے، وینزویلا کی حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش بند کرے اور سیاسی طور پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کو حل کرنے کے راستے پر واپس آئے۔





