کھیل

ڈیزرٹ وائپرز نے تاریخ رقم کر دی، ایم آئی ایمریٹس کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

دبئی :ڈیزرٹ وائپرز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ فتح کے ساتھ وائپرز نے 7 لاکھ امریکی ڈالر انعامی رقم اور بلیک بیلٹ بھی حاصل کی، جبکہ رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس کو 3 لاکھ امریکی ڈالر دیے گئے۔
فائنل میں وائپرز کے کپتان سیم کرن نے ناقابلِ شکست 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 20 اوورز میں 182 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچایا۔ سیم کرن کی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہیں میکس ہولڈن (41 رنز) اور ڈین لارنس (23 رنز) کی عمدہ سپورٹ حاصل رہی۔
جواب میں ایم آئی ایمریٹس کی ٹیم 18.3 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ وائپرز کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں 18 رنز کے عوض حاصل کیں، جبکہ ڈیوڈ پین، عثمان طارق اور خضیمہ تنویر نے بھی اہم وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
فائنل سے قبل دبئی اسٹیڈیم میں آتش بازی اور ڈرون شو نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور میچ کو یادگار بنا دیا۔ ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں فائنل کا ماحول کسی جشن سے کم نہ تھا۔
سیم کرن نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریڈ بیلٹ (سب سے قیمتی کھلاڑی) اور گرین بیلٹ (بہترین بلے باز) اپنے نام کی۔ انہوں نے سیزن میں 397 رنز اسکور کیے، تین نصف سنچریاں بنائیں، 7 وکٹیں حاصل کیں اور 10 کیچز بھی پکڑے۔
ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے شکیب الحسن نے 36 رنز اور کپتان کیرون پولارڈ نے 28 رنز بنائے، تاہم ابتدائی وکٹوں کے نقصان نے ٹیم کی جیت کی امیدیں ختم کر دیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پلیئر آف دی میچ اور وائپرز کے کپتان سیم کرن نے کہا کہ فائنل میں دباؤ فطری ہوتا ہے، مگر ٹیم کی اجتماعی کارکردگی اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی اصل وجہ بنی۔
دوسری جانب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے اعتراف کیا کہ فیلڈنگ میں غلطیوں اور ابتدائی وکٹوں کے نقصان نے ٹیم کو میچ سے دور کر دیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker