
شارجہ : ایم آئی ایمریٹس نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کے کوالیفائر 2 میں ابو ظبی نائٹ رائیڈرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فائنل 4 جنوری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف کھیلا جائے گا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایم آئی ایمریٹس نے پہلے بولنگ کرتے ہوئے نائٹ رائیڈرز کو 20 اوورز میں 120 رنز تک محدود کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ایم آئی ایمریٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔شکیب الحسن نے 24 گیندوں پر 38 رنز بنائے جبکہ ٹام بینٹن نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 53 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز اسکور کیے۔ ایم آئی ایمریٹس نے مطلوبہ ہدف 16.1 اوورز میں ہی حاصل کر لیا اور 23 گیندیں باقی رہ گئیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے شکیب الحسن نے کہا کہ ٹاس جیتنا اور بولرز کی کارکردگی فتح کی بنیاد بنی، جبکہ دباؤ کے لمحات میں وکٹیں نہ گنوانا ہی کامیابی کی کنجی تھا۔
ابو ظبی نائٹ رائیڈرز کے کپتان جیسن ہولڈر نے اعتراف کیا کہ پچ مشکل تھی اور ٹیم رفتار نہ بنا سکی، تاہم مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی۔





