
دبئی: ابوظبی نائٹ رائیڈرز نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 کے ایلیمینیٹر میں دبئی کیپٹلز کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ میں اپنی امیدیں برقرار رکھ لیں۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نائٹ رائیڈرز نے ابتدا میں جارحانہ بیٹنگ اور بعد ازاں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مائیکل پیپر اور فل سالٹ نے شاندار آغاز فراہم کیا اور 81 گیندوں پر 122 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ مائیکل پیپر نے مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی اور 49 گیندوں پر 72 رنز بنائے جن میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ فل سالٹ نے 34 گیندوں پر 43 رنز اسکور کیے۔ تاہم درمیانی اوورز میں محمد نبی کی مؤثر بولنگ کی بدولت دبئی کیپٹلز نے واپسی کی اور نائٹ رائیڈرز کو 158 رنز تک محدود رکھا۔
محمد نبی نے 3 وکٹیں 25 رنز کے عوض حاصل کیں۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دبئی کیپٹلز کی پوری ٹیم 16.2 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سنیل نارائن نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ ابوظبی نائٹ رائیڈرز اب کوالیفائر 2 میں ایم آئی ایمریٹس کا سامنا کریں گے، جہاں کامیابی کی صورت میں اتوار، 4 جنوری کو ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف فائنل کھیلنے کا موقع ملے گا۔





