
دبئی (آئی پی ایس) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز کی اننگز کھیلی، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ر ہے۔
اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 اور سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے سمیر منہاس کو ناصرف میچ کا بلکہ ٹورنامنٹ کے بھی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ پاکستان اور بھارت 2012 کے ایونٹ میں مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔





