پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے جدہ میں تاریخی کمیونٹی پروگرام ہوگا

(جدہ ( خالد نواز چیمہ
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کی خصوصی ہدایت پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومتِ پاکستان نے عملی اور سنجیدہ اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز چوہدری احسان الحق باجوہ اور مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) محمد افضل بھٹی 20 دسمبر کو سعودی عرب کے اہم شہر جدہ کا دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران جدہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں سے ایک اہم، بامقصد اور تاریخی ملاقات منعقد کی جائے گی، جس میں اعلیٰ حکام کمیونٹی کے مسائل براہِ راست سنیں گے اور ان کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائیں گے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں سے خصوصی خطاب بھی کیا جائے گا، جس میں ان کی خدمات، قربانیوں اور وطنِ عزیز کی معیشت میں کلیدی کردار کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

یہ خصوصی تقریب جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب ملک منظور اعوان کی جانب سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے عہدیداران، سماجی، کاروباری اور کمیونٹی رہنماؤں کے علاوہ اوورسیز پاکستانیز مصطفیٰ حیدر فاؤنڈیشن کے سینئر افسران بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔۔

اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری احسان الحق باجوہ اور ایم ڈی او پی ایف محمد افضل بھٹی اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دہانی کرائیں گے کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اولین قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ او پی ایف کو مزید فعال بنانے، شکایات کے فوری ازالے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

کمیونٹی رہنماؤں اور شرکاء نے وزیراعظم پاکستان کی اس کاوش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدہ میں براہِ راست کمیونٹی ملاقات حکومت کی سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں اور ریاست کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker