
دبئی ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے کمنٹیٹر اور بھارت کے لیجنڈری اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ لیگ خطے کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو عالمی معیار کے پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے، جس سے گلف ممالک اور دیگر علاقوں میں کرکٹ تیزی سے پھل پھول رہی ہے۔لیگ کے آغاز سے وابستہ ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اس سال کا ایڈیشن مزید بہتر ہے کیونکہ سعودی عرب اور کویت کے کھلاڑی بھی مقابلے کا حصہ بن گئے ہیں۔
کرکٹ خطے میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سمیت ایمریٹس کرکٹ بورڈ اس ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی اسٹارز کے ساتھ قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع دے رہی ہے۔ہربھجن سنگھ نے محمد وسیم، آیان خان اور وسیم اکرم کو امارات کے نمایاں ٹیلنٹ کے طور پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد وسیم ایم آئی ایمریٹس کے لیے ہمیشہ شاندار بیٹر رہے ہیں، جبکہ آیان خان (گلف جائنٹس) بہترین آل راؤنڈر اور باصلاحیت باؤلر ہیں۔ شارجہ واریئرز کے فاسٹ باؤلر وسیم اکرم بہت تیز رفتار اسپیل کرواتے ہیں۔ مزید ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل بات صحیح وقت پر صحیح موقع ملنے کی ہے، اور ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 یہی موقع فراہم کر رہی ہے۔





