
اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام ’’مستقبل کیلئے تیار ہنر مند افرادی قوت کیلئے پاکستان کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) نظام کی مشترکہ تخلیق‘‘ کے عنوان سے پہلی سالانہ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کروبلس، چیئرپرسن نیوٹک گلمینہ بلال احمد، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، نائب صدر طارق جدون، قراۃالعین، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم سکلز ڈویلپمنٹ کے ذریعے ملک کی معاشی تقدیر بدلنے کے مشن میں شراکت دار بنے ہیں۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی اسکلز ڈویلپمنٹ اور ووکیشنل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینے کا وقت آ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان پائیدار مکالمے اور مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل کو اولین ترجیح سمجھتا ہے۔ صنعتی شعبوں کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت اور ہوسپیٹیلٹی وہ شعبے ہیں جہاں مہارت یافتہ افرادی قوت ملک کی ترقی کی رفتار تیز کر سکتی ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے اعلان کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے مختلف چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے ایک ہزار ممبران کیلئے ویب بیسڈ ٹریننگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کروبلس نے کہا کہ یورپی یونین، پاکستان اور نیوٹک کے ساتھ سکلز ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ٹیوٹ جیسے پروگرامز کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ پاکستان میں ہنرمند ورک فورس تیار ہو سکے۔
سفیر کا کہنا تھا کہ جرمنی، برٹش کونسل اور دیگر یورپی پارٹنرز پاکستان کے ساتھ مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق مستقبل کی ضروریات اور ٹیکنالوجی ٹرانسفارمیشن کیلئے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یورپی یونین مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔
سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں کا خطاب
سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس کا مقصد انڈسٹری کی ضروریات اور نوجوانوں کی سکلز کے درمیان خلا کو پر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے اکیڈیمیا اور انڈسٹری میں قریبی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت اور ہوسپیٹیلٹی وہ کلیدی گروتھ سیکٹرز ہیں جن کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ملک کی ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پہلی بار ایف پی سی سی آئی ایک ہزار ممبران کو باقاعدہ ٹریننگ فراہم کرے گا۔
کانفرنس کے اختتام پر تمام مقررین نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کیلئے جدید سکلز، معیاری تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔





