
دبئی، : ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 میں دبئی کیپیٹلز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابوظبی نائٹ رائیڈرز کو 83 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی کی فتح میں مرکزی کردار روومن پاؤل کی برق رفتار اور ناقابلِ شکست 96 رنز کی اننگز نے ادا کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دبئی کیپیٹلز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ روومن پاؤل نے 52 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا رخ موڑ دیا جبکہ جورڈن کاکس نے 52 رنز کی عمدہ باری کھیل کر بھرپور ساتھ دیا۔
دونوں بیٹرز کے درمیان 119 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ہدف کے تعاقب میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ ڈیویڈ ولی نے پہلی اوور میں ایلکس ہیلز اور علتشان شرافو کو آؤٹ کرکے ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا۔ مستفیض الرحمان نے انمکت چند کو صفر پر آؤٹ کرکے اسکور 10 رنز پر تین کھلاڑیوں کے نقصان تک پہنچا دیا۔ فل سالٹ نے 27 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی مگر محمد نبی اور وقار سلام خیل نے اننگز پر گرفت مضبوط بنائے رکھی۔ سلام خیل نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔آندرے رسل نے کچھ دیر کے لیے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا مگر سلام خیل نے انہیں بھی قابو کرلیا۔
دیگر کھلاڑی بھی بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور ٹیم بڑے مارجن سے شکست کھا گئی۔میچ کے بہترین کھلاڑی روومن پاؤل قرار پائے جنہوں نے کہا کہ نارائن اور چاولہ جیسے تجربہ کار اسپنرز کے خلاف اسٹرائیک گھمانا اہم تھا، جس کے بعد فاسٹ بولرز کے خلاف کھیل آسان ہوا۔ابوظبی نائٹ رائیڈرز کے کپتان جیسن ہولڈر نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم تینوں شعبوں میں کمزور رہی اور بہتر کارکردگی کی ضرورت ہے۔دبئی کیپیٹلز کی یہ رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے جبکہ ابوظبی کے خلاف یہ بڑا مارجن برقرار رہا۔





