کھیل

آئی ایل ٹی 20؛ڈیسرٹ وائپرز نے ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کو دو وکٹوں سے شکست دےدی

شارجہ: ڈیسرٹ وائپرز نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کو ایک تھرلر مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ شمرون ہیٹمائر کی برق رفتار 48 رنز کی اننگز اور خزیمہ تنویر کی اختتامی اوورز میں شاندار ہٹنگ نے وائپرز کو مشکل صورتحال سے نکال کر یادگار فتح دلوائی۔171 رنز کے تعاقب میں وائپرز نے دھواں دار آغاز کیا اور پہلی ہی اوور میں 19 رنز بٹور لیے،

جو آئی ایل ٹی 20 کے افتتاحی اوور کا سب سے بڑا اسکور ثابت ہوا۔ تاہم، سنل نرائن اور اجے کمار کی شاندار بولنگ نے پاور پلے میں تین اہم وکٹیں حاصل کرکے میچ میں واپسی کرائی۔ 44 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈین لارنس اور ہیٹمائر نے 68 رنز کی قیمتی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔آخری اوورز میں اجے کمار اور اینڈری رسل نے میچ کا رخ یکدم پلٹا، یہاں تک کہ رسل نے ہیٹمائر کی اہم وکٹ حاصل کرکے ٹی20 کرکٹ میں اپنی 500 وکٹیں مکمل کر لیں۔ تاہم، خزیمہ تنویر نے صرف 12 گیندوں پر 31 رنز بنا کر مقابلہ پھر وائپرز کی جھولی میں ڈال دیا۔ آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، جنہیں تنویر نے ایک چھکے اور چوکے کے ساتھ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز کامیابی دلائی۔اس سے قبل ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز بنائے۔ الیکس ہیلز نے جارحانہ نصف سنچری اسکور کی جبکہ اینڈری رسل 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نائٹ رائیڈرز نے پہلے 10 اوورز میں 87 رنز بنا کر بہترین آغاز کیا تھا، مگر وائپرز کے سپنرز نے وسطی اوورز میں میچ کا کنٹرول سنبھال کر پانچ اہم وکٹیں حاصل کیں۔ نور احمد اور قیس احمد نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker