
بیجنگ : پانچویں "آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے ہم وطنوں کی تبادلہ سرگرمی” حال ہی میں چین کے شہر چنگ ڈو میں منعقد ہوئی۔سرگرمی میں آبنائے تائیوان کے دنوں کناروں کے متعلقہ محکموں، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نمائندوں،سماجی گروپس، ماہرین و اسکالرز اور تائیوان کے ہم وطنوں اور نوجوان نمائندوں سمیت 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے امور تائیوان دفتر اور ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کے ڈائریکٹر سونگ تھاؤ نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ تائیوان کے معاملے کو سلجھانا چینی عوام کا اپنا معاملہ ہے، اور ہم جاپان سمیت کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ اگر کوئی بیرونی قوت چین کو للکارنے کی جسارت کرے گی تو اسے اپنی تباہی آپ ہی مول لینا پڑے گی۔ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے ہم وطن سب چینی ہیں۔ ہمیں تاریخ کو یاد کرتے ہوئے ملک کی وحدت کے نصب العین کو آگے بڑھانا چاہئے اور چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کی تکمیل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔گومینگ تانگ پارٹی کی سابق چیئرپرسن ہونگ شیوؤ چو ، معروف تائیوانی مصنف لان پو چو، اور آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے نوجوان نمائندوں نے بھی تقاریر کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے تائیوان کے درمیان کناروں کے خونی رشتوں، ثقافتی روابط اور جذباتی بندھنوں کو کوئی بیرونی طاقت نہیں توڑ سکتی۔ چینی ہونے کے ناطے آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے ہم وطنوں کو "تائیوان کی علیحدگی پسند” قوتوں اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے تبادلے اور تعاون کو مضبوط کرنا چاہیے، اور قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کی تکمیل کے لئے مل کر جدو جہد کرنی چاہیے۔





