
حسن ابدال (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی خدمت پر مبنی وژن کے تحت صوبہ بھر میں شہریوں کو بہتر سہولیات، منصفانہ قیمتوں کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لئے جاری مہم کے سلسلے میں کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی خصوصی ہدایات اور اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار حسن ابدال چوہدری شفقت محمود نے شہر بھر میں اچانک چھاپے مار کر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے رکشہ ڈرائیوروں، ریڑھی بانوں اور ہائیس ویگن مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے متعدد رکشوں، ریڑھیوں اور ویگنوں کو ضبط کرکے تھانوں میں بند کر دیا
جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ اس موقع پر چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، سڑکیں عوام کی مشترکہ ملکیت ہیں اور کسی فرد یا گروہ کو عوامی راستوں پر قبضہ کرنے یا ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوامی سہولیات کی بحالی کے لئے جاری آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور شہر میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ ہر ممکن اقدام اٹھائے گی، شہری حلقوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ تسلسل کے ساتھ ہونے والے اقدامات سے ٹریفک جام، ناجائز تجاوزات اور من مانے کرایوں جیسے مسائل میں واضح کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔





