
بیجنگ : کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی نے 20 تاریخ کو چین کے مرحوم رہنما حو یاؤبانگ کے 110ویں یوم پیدائش کی یاد میں بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکریٹری، چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اس موقع پر ایک اہم تقریر کرتے ہوئے حو یاؤبانگ کے بلند روحانی معیار اور عمدہ اخلاق سےسیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ اپنے اصل مقصد پر قائم رہنے ،اپنے مشن کو مضبوطی سے ذہن میں رکھنے اور تاریخی اعتماد کو مضبوط کرنے کے ساتھ تمام امور کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی تقریر میں شی جن پھنگ نے حو یاؤبانگ کی شاندار زندگی اور نمایاں خدمات کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حو یاؤبانگ نے فعال طور پر اصلاحات اور کھلے پن کی وکالت کی اور اسے فروغ دیا، اور سوشلسٹ جدیدیت کو آگے بڑھانے کے لیے بہت کاوشیں کیں۔ شی جن پھنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ حو یاؤبانگ عوام کے ساتھ اخلاص اور گہری محبت رکھتے تھے اور انہوں نے معیشت کی ترقی اور عوام کی خوشحال زندگی کے حصول کے لیے بہت سے عملی اور اچھے کام کیے۔ پارٹی کے تمام اراکین کو ہمیشہ ان کی طرح عوام کو دل میں رکھ کر عوام کے مفادات کو یقینی بنانے اور پارٹی کے بنیادی مقصد پر عمل کرتے ہوئے نئے دور میں لوگوں کے فائدے، خوشی اور تحفظ کے احساس کو مسلسل بڑھانے کے لیے بھر پور کوشش کرنی چاہیے۔




