
ابوظہبی : ابوظہبی ٹی10 لیگ کے گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں جہاں وسٹا رائیڈرز نے رائل چیمپس کو 9 رنز سے مات دی، وہیں دوسرے مقابلے میں اجمان ٹائٹنز نے معین علی کی دھواں دار بیٹنگ کے سہارے 107 رنز کا قابلِ دفاع مجموعہ ترتیب دیا۔ دونوں میچوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے بھرپور مقابلے سے شائقین کو محظوظ کیا۔پہلے میچ میں وسٹا رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔ بین میکڈرموٹ نے 31 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ ڈوئین پریٹوریس نے 12 گیندوں پر 31 رنز کی تیز رفتار باری کھیل کر مجموعہ بہتر کیا۔
رائل چیمپس کی جانب سے حیدر رزاق نے 3 وکٹیں حاصل کر کے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ہدف کے تعاقب میں رائل چیمپس نے جیسن رائے اور برینڈن مکملن کی 50 رنز کی شراکت کی بدولت 6 اوورز میںتین وکٹ کے نقصان پر 67 رنزبنائے اور ایک مرحلے پر میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی، تاہم شراف الدین اشرف اور اینڈریو ٹائے نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آخری اوور میں رائل چیمپس کو 17 رنز درکار تھے مگر اشرف نے دباؤ میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دیے اور رائیڈرز نے 9 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔دوسرے میچ میں اجمان ٹائٹنز نے ابتدا میں انتہائی خراب آغاز کیا اور صرف 12 رنز پر اپنی 3 وکٹیں گنوا دیں۔
تاہم معین علی نے کریز پر آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا اور 21 گیندوں پر 59 رنز بنا ڈالے، جن میں 4 چوکے اور 6 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کی 19 گیندوں پر مکمل ہونے والی نصف سنچری نے ٹیم کو بحران سے نکال کر سات وکٹ کے نقصان پر107 رنز کے مقابلے قابلِ دفاع اسکور تک پہنچایا۔ آخری اوور میں انہوں نے تین لگاتار چھکے لگا کر اسکور میں قیمتی اضافہ کیا۔کرس گرین نے مختصر مگر اہم ساتھ فراہم کیا جبکہ حریف بولرز عباس آفریدی، کے بی تنویر اور جیسن ہولڈر نے ابتدا میں ٹائٹنز کو مشکلات میں ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔





