
ماسکو : چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کریملن میں روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔بدھ کے روز چینی میڈیا کے مطابق لی چھیانگ نے سب سے پہلے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے صدر پیوٹن کو گرم جوش سلام اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی طے شدہ حکمت عملی کی روشنی میں چین روس تعلقات نئے دور میں جامع اسٹریٹجک شراکت دار ی کے تحت اعلیٰ معیار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
رواں سال صدر شی جن پھنگ اور صدر پیوٹن کے درمیان دو ملاقاتیں ہوئی ہیں جن سے چین- روس تعلقات میں مزید ترقی کی سمت حاصل ہوئی ہے ۔چینی وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی صورتحال میں آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر چین روس کے ساتھ مل کر نسل در نسل دوستی کی بدولت ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو بڑھانا چاہتا ہے ، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنا چاہتا ہے تاکہ مزید ٹھوس ثمرات حاصل کئے جائیں اور دونوں ممالک کی ترقی کے لیے خدمات سرانجام دی جائیں ۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے لی چھیانگ کے توسط سے صدر شی جن پھنگ کو اپنا سلام پیش کیا اور نیک خواہشات کاا ظہار کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ روس- چین تعلقات نئے دور میں اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ بلند سطح پر ہیں۔ روس چین کے ساتھ مل کر شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس جیسے کثیرالجہتی فریم ورک میں رابطے اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے، علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے، اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے ۔





