
دبئی :ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 2 دسمبر کو یومِ اتحاد (یو اے ای نیشنل ڈے) کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوگا، جبکہ فائنل 4 جنوری 2026 کو کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل اس 34 میچوں کے ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کے معروف ٹی 20 کرکٹرز ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔گزشتہ تین ایڈیشنز میں انگلش بیٹر ایلکس ہیلز 35 اننگز میں 1,156 رنز کے ساتھ سب سے آگے رہے ہیں۔ وہ اب سیزن 4 میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے۔جیمز ونس (گلف جائنٹس) 1,055 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ نکولس پورن (ایم آئی ایمریٹس) 1,010 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔یو اے ای کے بلے باز محمد وسیم نے 33 اننگز میں 871 رنز اسکور کرکے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ وہ 20 کیچز کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے کھلاڑی بھی ہیں،
جبکہ چھکوں میں بھی وہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔بولنگ میں افغان فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی 29 میچوں میں 50 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ونیندو ہسرنگا (ڈیزرٹ وائپرز) نے 39 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انگلش آل راؤنڈر کرس جارڈن (گلف جائنٹس) 35 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ایلکس ہیلز نے سیزن 1 میں 110 رنز بنا کر کھیلی۔ٹام کوہلر کیڈمور نے سیزن 1 میں 106 رنز* اور ٹام بینٹن نے سیزن 3 میں 105 اور 102* کی دو سنچریاں اسکور کیں، جو ٹورنامنٹ کی نمایاں انفرادی کارکردگیاں ہیں۔سیزن 3 میں فضل الحق فاروقی نے دبئی کیپیٹلز کے خلاف 5/16 کی شاندار کارکردگی دکھائی جو آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ کے بہترین اسپیلز میں شمار ہوتی ہے۔گلف جائنٹس کے ڈیوڈ ویزے نے سیزن 1 میں 5/20 جبکہ شارجہ واریئرز کے نوین الحق نے سیزن 1 میں 5/38 کے اعداد و شمار کے ساتھ شاندار کارکردگی پیش کی۔بیٹنگ کے شعبے میں ایم آئی ایمریٹس کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے، انہوں نے سیزن 1 میں ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف 241/3 کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔سیزن 3 میں بھی ایم آئی ایمریٹس نے وائپرز کے خلاف 228/2 کا بڑا مجموعہ بنایا۔دبئی کیپیٹلز نے سیزن 1 میں ایم آئی ایمریٹس کے خلاف 222/3 رنز اسکور کرکے ٹاپ تین بڑی ٹیم ٹوٹلز میں جگہ بنائی۔سیزن 3 کے دوران ایم آئی ایمریٹس کے آندرے فلیچر اور ٹام بینٹن نے ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف 198 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جو آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔سیزن 1 میں ڈیزرٹ وائپرز کے کولن منرو اور ایلکس ہیلز نے 164 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ سیزن 3 میں ایم آئی ایمریٹس کے کسل پریرا اور ٹام بینٹن نے 157 رنز* کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ جوڑی۔





