
اسلام آباد(آئی پی ایس) اردن کے شاہ عبداللہ دوم پاکستان دورے پر پہنچ گئے ہیں اور اس موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور صدرمملکت آصف علی زرداری نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کا استقبال کیا ، استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے ، مسلح افواج کے دستے نے شاہ عبداللہ دوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا ، اردن کے بادشاہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جس کے بعد اپنے وفد کا وزیراعظم شہبازشریف سے تعارف کروایا ۔
قبل ازیں، اردن کے بادشاہ کا پاکستان کا آخری دورہ سابق صدر ممنون حسین کی دعوت پر ہوا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ اکتوبر کے آخر میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کا دورہ کیا تھا جس دوران ملاقات میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے پاکستانی عسکری قیادت کے علاقائی امن اور سلامتی میں کردار کو سراہا تھا۔
شارہ اردن نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار اور خدمات کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام، حکومت اور فوج کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔
صدر مملکت
اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبدالّلہ دوم کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی اسٹریٹجک جہت دے گا، پاک اردن تعلقات تاریخی برادرانہ، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر قائم ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس
شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاک اردن دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، یہ دورہ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا، شاہ عبداللہ دوم کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ون آن ون اور وفود کی سطح پرملاقات ہوگی، شاہ عبداللہ دوم کا دورہ، پاک اردن دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، یہ دورہ دونوں ملکوں میں دوطرفہ تعاون کےدائرہ کار وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔





