
اسلام آ باد ()
اسلام آباد ماڈل سکول ایف سیون ٹو میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب، سائنسی سرگرمیوں اور ملی نغموں نے سب کے دل جیت لیے
چائنا میڈیا گروپ کے معروف تعلیمی پروگرام "سائنس آن ویلز” کے تحت، کاروان وین نے اسلام آباد کے پارک سکول کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ 42 برس سے ماسٹر محمد ایوب غیر رسمی تعلیم کے ذریعے اُن بچوں کو زیورِ علم سے آراستہ کر رہے ہیں جو معاشرتی ناہمواریوں اور مالی مشکلات کے باعث باقاعدہ سکول کی سہولت سے محروم ہیں۔ یہ وہ بچے ہیں جو اسلام آباد کے مختلف پارکوں اور گزرگاہوں میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں، اور علم کے سفر کو جاری رکھے
ہوئے ہیں۔ ماسٹر ایوب کی انتھک محنت اور خدمات نے ان بچوں کے لیے امید اور روشن مستقبل کے دروازے کھولے ہیں۔

اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چائنا میڈیا گروپ اور اسلام آباد ماڈل سکول ایف سیون ٹو نے پارک سکول کے بچوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں میزبان سکول کے طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ دونوں سکولوں کے بچوں نے کاروان وین میں سائنسی مواد، جدید علوم پر مبنی ویڈیوز اور معلوماتی سرگرمیوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جہاں ہر چہرے پر مسکراہٹ اور تجسس کی جھلک دیکھی گئی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی سینیٹر فرح انجم بٹ تھیں، جو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی چیئرپرسن بھی ہیں۔ انہوں نے ماسٹر ایوب کی چار دہائیوں پر محیط بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور کہا کہ ان جیسی شخصیات معاشرتی فلاح کا حقیقی نمونہ ہیں۔ انہوں نے "سائنس آن ویلز” جیسے پروگراموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پروگرام بچوں میں سائنسی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ماسٹر محمد ایوب نے نادار اور مستحق بچوں کی تعلیمی ضروریات اور مسائل پر روشنی ڈالی اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کے پروگرام "سائنس آن ویلز” کو پاک۔چین دوستی کا ایک روشن اور قابلِ فخر مظہر قرار دیا، اور کہا کہ جدید تعلیم ہی بچوں کے روشن مستقبل کی ضامن ہے ۔
معروف سکالر اور راول فاؤنڈیشن کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر محمد شکیل احمد نے بچوں کے سامنے سائنسی تجربات پیش کیے، انہیں بنیادی سائنسی تصورات سے روشناس کرایا اور ان کی جستجو و تجسس کو مثبت سمت دی۔بچوں نے نہ صرف ہر تجربے میں دلچسپی سے حصہ لیا بلکہ سوالات بھی پوچھے، جو اُن کے بڑھتے ہوئے سائنسی شوق کا واضح ثبوت ہے۔
اسلام آباد ماڈل سکول ایف سیون ٹو کی پرنسپل محترمہ رابعہ قیوم نے بچوں کو نامساعد حالات کے باوجود تعلیم کا سفر جاری رکھنے کی تلقین کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام بچوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
علمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے بھی گائے، دوڑ کے مقابلے کیے اور مختلف مثبت سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا، جس نے تقریب میں خوشی اور رنگ بھر دیے۔
بچوں کی مسکراہٹیں، اُن کا اعتماد اور سائنسی علوم میں دلچسپی نے اس بات کو ثابت کیا کہ “سائنس آن ویلز” نہ صرف ایک تعلیمی پروگرام ہے بلکہ یہ بچوں کے ذہنوں میں نئے خواب جگانے کی ایک روشن شمع بھی ہے۔
چائنا میڈیا گروپ کے اس منفرد اقدام نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ علم، دوستی اور تعاون ہی وہ پل ہیں جو معاشرے کے کمزور طبقات کو مضبوط مستقبل کی جانب لے جا سکتے ہیں۔





