
بیجنگ:بیجنگ میں چینی صدر شی جن پھنگ سے تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا واچیرالونگ کورن نے ملاقات کی۔
ملاقات میں صدر شی نے کہا کہ بادشاہ مہا واچیرالونگ کورن نے اپنے دورے کے پہلے ملک کے طور پر چین کو منتخب کیا ہے، اور چین-تھائی لینڈ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد وہ چین کا دورہ کرنے والے پہلے تھائی بادشاہ ہیں، جو چین-تھائی لینڈ تعلقات کے لیے عزت و احترام اور گہری دوستی کی عکاسی ہے ۔ صدر شی نے کہا کہ تھائی شاہی خاندان کا چین کے ساتھ گہرا تعلق ہے، اور اس نے چین-تھائی لینڈ دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کی چین انتہائی قدر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال چین-تھائی لینڈ سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ ہے۔ نصف صدی کے سفارتی تعلقات کے دوران، بین الاقوامی تبدیلیوں کے باوجود، چین اور تھائی لینڈ ہمیشہ ہاتھ سے ہاتھ ملا کر ایک دوسرے کی مدد کرتے رہے ہیں، اور دونوں ممالک اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ نئی تاریخی شروعات پر، وہ بادشاہ مہا واچیرالونگ کورن کے ساتھ چین-تھائی ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو اگلے 50 سالوں میں مزید ترقی دینا اور دونوں ممالک کی دوستی کا نیا باب لکھنا چاہتے ہیں ۔
بادشاہ واچیرالونگ کورن نے کہا کہ وہ چین کا سرکاری دورہ کر کے بہت خوش ہیں۔ کئی سالوں کے بعد چین آ کر، چین میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کا موقع ملا ہے ، جن سے جدید اور خوبصورت چین کی نئی تصویر نظر آ رہی ہے ۔انہو ں نے چین کی معاشی و سماجی ترقی کی بڑی کامیابیوں پر چین کو مبارکباد پیش کی ۔تھائی بادشاہ کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ اور چین کے درمیان گہری دوستی ہے،دونوں ممالک کے درمیان قریبی عوامی تبادلے ہیں اور باہمی تعاون وسیع اور گہرا ہے۔اس بھائی چارگی والے تعاون میں تھائی لینڈ چین کی ترقی کے تجربے سے فعال طور پر سیکھنا چاہتا ہے، تمام شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو وسیع کرنا چاہتا ہے، اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانا چاہتا ہے، تاکہ تھائی لینڈ-چین دوستی عوام کے دلوں میں گہرائی تک اترے ۔





