
اسلام آباد:صدر ایف پی سی سی آئی، ای سی او-سی سی آئی اور نائب صدر کاسی عاطف اکرام شیخ نے پرائم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ پانچویں پاکستان پراسپیرٹی فورم میں شرکت کی اور فورم سے کلیدی خطاب کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان، بزنس کمیونٹی کے رہنما، ٹیکس اور سرمایہ کاری کے ماہرین نے بھی خطاب کیا۔
عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اصلاحات کے بغیر ممکن نہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور استحکام ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اب مذاکرات کی نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کی بنیاد پر سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی کا محور جامع منصوبہ بندی، شفافیت اور اعتماد سازی ہونا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا "اڑان پاکستان” منصوبہ ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیکس پالیسی قابلِ عمل اصلاحات پر مرکوز ہونی چاہیے جس کی بنیاد ٹیکس نیٹ میں توسیع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی ٹیرف معاشی ترقی کی مؤثر حکمتِ عملی نہیں، بلکہ اصلاحات کو اعتماد اور پائیداری کی بنیاد پر تشکیل دینا ضروری ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی پائیدار ترقی کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے تاکہ ملک کو مضبوط معاشی بنیاد فراہم کی جا سکے۔





