
اسلام آباد(آئی پی ایس) حکومت کی جانب سے 27 ویں آئینی ترمیمی بل میں مزید ترامیم شامل کرنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم میں اضافی ترامیم پہلے قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی، حکومت اور اپوزیشن کی اضافی ترامیم الگ فہرست میں موجود ہیں۔
قومی اسمبلی سے اضافی ترامیم کی منظوری پر بل کو دوبارہ سینیٹ کو بھجوایا جائے گا۔
حکومتی ذرائع نے 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم لائے جانے کی تصدیق کر دی، اپوزیشن کی گیارہ ترامیم بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم پیش کرنے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری بھی لی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سینیٹ دو تہائی اکثریت سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے چکا تھا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیم بل پیش کیا تو اس کی حمایت میں 64 ارکان نشستوں پر کھڑے ہوئے، ان میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے احمد خان بھی شامل تھے۔
باقی ارکان نے آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کیا اور اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔





