
بیجنگ:چین کے پہلے الیکٹرومیگنیٹک کیٹاپلٹ طیارہ بردار بحری جہاز فوجیان کی کمیشننگ کی تقریب 5نومبر کو چین کے صوبہ ہائی نان کے شہر سانیا میں ایک بحری بندرگاہ پر منعقد ہوئی۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اس تقریب میں شرکت کی اور طیارہ بردار بحری جہاز کا معائنہ کیا۔چینی صدر کو چین کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی تعمیرو ترقی کی ورک رپورٹ پیش کی گئی اور طیارہ بردار بحری جہاز کے نظام کی جنگی صلاحیتوں اور الیکٹرومیگنیٹک کیٹاپلٹ سسٹم کی تعمیر اور استعمال کے بارے میں معلومات سے آگاہ کیا گیا۔ فوجیان چین کا پہلا الیکٹرومیگنیٹک کیٹاپلٹ طیارہ بردار بحری جہاز ہے اور چین کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی ہے، اسے جون 2022 میں لانچ کیا گیا ۔ فوجیان طیارہ بردار بحری جہاز چین نے آزادانہ طور پر ڈیزائن اور تیار کیاہے اور اس کی الیکٹرومیگنیٹک کیٹاپلٹ ٹیکنالوجی دنیا میں پیش پیش ہے۔





