
واشنگٹن (آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مداخلت کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ رک گئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی کے دوران انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی قیادت سے رابطہ کیا اور انہیں کہا کہ اگر وہ جنگ کریں گے تو امریکا ان کے ساتھ تجارتی معاہدے نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، "میں بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے جا رہا تھا۔ مودی سے میری بڑی اچھی دوستی ہے، میں ان کا احترام کرتا ہوں، وہ ایک قاتل ہے اور بہت سخت ہے، اسی طرح پاکستان کا وزیراعظم بھی بہترین انسان ہے۔ ان کے پاس ایک فیلڈ مارشل ہے جو بہت زبردست فائٹر ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، "مجھے خبر ملی کہ سات طیارے مار گرائے گئے ہیں، دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں اور ایک دوسرے پر حملے کر رہے ہیں۔ میں نے مودی کو فون کیا اور کہا کہ ہم آپ سے تجارتی معاہدہ نہیں کر سکتے کیونکہ آپ جنگ شروع کر رہے ہیں۔ پھر میں نے پاکستان کو کال کی اور یہی بات کہی۔ دونوں نے کہا ہمیں لڑنے دیں۔ یہ بہت سخت لوگ ہیں۔”
ٹرمپ نے کہا، "میں نے مودی سے کہا، آپ بہت اچھے دکھتے ہیں، مگر آپ سخت آدمی ہیں۔ وہ بولے، نہیں، ہم لڑیں گے۔ لیکن صرف دو دن بعد دونوں ملکوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ہم سمجھ گئے ہیں اور جنگ رک گئی۔ کیا یہ حیران کن نہیں؟”
انہوں نے طنزیہ انداز میں مزید کہا، "آپ سوچتے ہیں کہ بائیڈن ایسا کر سکتا تھا؟ میرا نہیں خیال!”۔





