
بیجنگ:کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا چوتھا کل رکنی اجلاس 20 سے 23 اکتوبر تک بیجنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی پی سی مرکزی کمیٹی کی جانب سے قومی معیشت اور سماجی ترقی کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے بارے میں تجاویز کی منظوری دی گئی۔ 24 اکتوبر کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے پارٹی کی بیسویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس میں منظور ہونے والی تجاویز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
آئندہ پانچ سالوں کے اہم کاموں میں، سب سے پہلا”جدید صنعتی نظام کی تعمیر اور حقیقی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط کرنا” ہے۔ "پندرہویں پانچ سالہ منصوبے” کی مدت میں، چین اپنی اختراعی صلاحیت کو مکمل طور پر بڑھائے گا اور اعلیٰ سطح کی سائنس و ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی رفتار کو تیز کرے گا۔ ان تجاویز میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ زراعت،دیہات اور کسانوں کے مسائل کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی، زراعت کے شعبے میں ایک مضبوط ملک کی تعمیر کو تیز کیا جائے گا۔ آئندہ پانچ سالہ منصوبے میں عوام پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ وزیر تجارت وانگ وین تھاؤ نے بتایا کہ جی ڈی پی کے ساتھ قومی آمدنی کو مد نظر رکھتے ہوئے ، "چینی معیشت” کے ساتھ "چینی عوام کی معیشت” کو بھی یکساں اہمیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، چین فعال طور پر کھلے پن کو فروغ دیتا رہے گا اور اعلیٰ معیار کے ساتھ "بیلٹ اینڈ روڈ” کی تعمیر کو فروغ دے گا۔





