
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ اگر اب مزید کوئی نیا کیس سامنے پیش نہیں آتا تو ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی)میں ایبولا وائرس کی موجودہ لہر دسمبر کے اوائل میں سرکاری طور پر ختم ہونے کی امید ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے افریقی علاقائی دفتر نے اسی دن ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کی اس لہر میں آخری مریض صحت یاب ہو گیا ہے اور اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ 42 دن کی نگرانی کی مدت کا آغاز ہے۔ اگر اس مدت کے دوران کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تو، ایبولا کی موجودہ وبا کو سرکاری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کی حکومت نے اطلاع دی تھی کہ ملک کے وسطی صوبہ کسائی میں ایبولا کی وبا پھیلی ہے ۔ 1976 کے بعد ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی)میں ایبولا کا یہ سولہواں پھیلاؤ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق وبا کے اس دور میں کل 53 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے اب تک 19 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 25 ستمبر کے بعد سے کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔