
بیجنگ میں منعقدہ موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات سے متعلق دوسرے بین الاقوامی تعلیمی سیمینار میں،چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف جیوگرافک سائنسز اینڈ نیچرل ریسورسز ریسرچ نے ڈیجیٹل سی پیک انٹیگریٹڈ ڈیٹا پلیٹ فارم اور "سی پیک کے قدرتی وسائل اور سبز ترقی کا اٹلس” جاری کیا۔
ڈیجیٹل سی پیک انٹیگریٹڈ ڈیٹا پلیٹ فارم سی پیک کے ڈیجیٹل جغرافیائی منظر نامے کو پیش کرنے کے لیے ڈیجیٹل نقشوں کا استعمال کرتا ہے، جو کہ اسپیٹیو ٹمپورل ڈیٹا کی بنیاد پر خطے میں کی جانے والی مختلف تحقیقی سرگرمیوں کے لیے جامع مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ڈیٹا وسائل سی پیک خطے میں پائیدار ترقی میں معاونت کریں گے اور پاکستان میں آفات سے بچاؤ اور تخفیف کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کریں گے۔
"سی پیک کے قدرتی وسائل اور سبز ترقی کا اٹلس” پہلا معیاری اٹلس ہے جو خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے قدرتی وسائل اور سبز ترقی کو ٹارگٹ کرتا ہے۔ یہ اٹلس چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا، چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں کو قدرتی وسائل کی ترقی اور استعمال کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد کرے گا، اور قدرتی وسائل کی نشوونما اور ماحولیاتی تحفظ کی مربوط اور پائیدار ترقی کے ہدف کو حاصل کرے گا۔ اس سے چین اور پاکستان کے عوام کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے قدرتی وسائل اور ماحولیاتی وابستگیوں کے بارے میں جامع تفہیم حاصل کرنے اور دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت اور تبادلے کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔