پاکستانٹاپ سٹوری

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، کمانڈر سمیت 10 خوارج جہنم واصل

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارج جہنم واصل کر دیئے جبکہ خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 خوارج ہلاک کر دیئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی آپریشن کیا، مضافاتی علاقوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

سکیورٹی فورسز نے اطلاعات کے پیش نظر 8 سے 10 روز تک علاقے کی بھرپور نگرانی کی، پھر سکیورٹی فورسز نے ان دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 6 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے، سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی علاقے میں امن دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے۔

دوسری طرف شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق میر علی میں ایک خوارجی نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی جو دھماکے سے پھٹ گئی جس کے بعد تین مزید خوارجیوں نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

سکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں تینوں خوارجی کیمپ کے باہر ہی جہنم واصل کر دیئے گئے، سکیورٹی فورسز کا کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 94 خوارج جہنم واصل کئے جا چکے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوام اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker