
لودھراں: جہانگیر خان ترین کی ہدایت پر لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی ٹیم ضلع شانگلہ پہنچی، جہاں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو موسم سرما کی شدت سے بچانے کے لیے فوری امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ شانگلہ کے 405 متاثرہ خاندانوں کے 2835 افراد کو سردی سے بچاؤ کے لیے ضروری اشیاء فراہم کی گئیں جن میں گدے، چارپائیاں، رضائیاں، چادریں، تکیے، گرم ملبوسات، گیس سلنڈر اور چولہا شامل تھے۔
جہانگیر خان ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخواہ کے 3 اضلاع میں اب تک 21 ہزار سے زائد
سیلاب متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کی جا چکی ہے جبکہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے 12 اضلاع میں 66 ہزار افراد کو ریلیف اور بحالی کے مراحل میں میں مدد فراہم کی جاچکی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایل پی پی ڈاکٹر عبدالصبور نے امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر کہا کہ جہانگیر خان ترین کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی میں تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ڈاکٹر عبدالصبور نے سیکریٹری جنگلات خیبر پختونخواہ نذر شاہ، ڈپٹی کمشنر شانگلہ فواد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حماد خان، اور اسسٹنٹ کمشنر پورن محمد توصیف کی جانب سے فراہم کی گئی سپورٹ پر انکا خصوصی شکریہ ادا کیا۔امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پورن محمد توصیف نے کہا کہ سردی کی شدت کے پیش نظر سیلاب متاثرین کو اس ضروری سامان کی فراہمی کی اشد ضرورت تھی جس پر ہم جہانگیر خان ترین اور ایل پی پی کے بے حد شکر گزار ہیں۔