بین الاقوامی

چینی صدر سے گھانا،ڈومینیکا اور موزمبیق کے سربراہان مملکت کی ملاقاتیں، با ہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بیجنگ ـ:چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں گھانا کے صدر جون مہاما، ڈومینیکا کی صدر سلوینی برٹن اور موزمبیق کی وزیر اعظم ماریہ لیوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔تینوں رہنماگلوبل لیڈرز کانفرنس آن ویمن میں شرکت کے لئے بیجنگ میں موجود ہیں ۔منگل کے روز گھانا کے صدر جون مہاما سے ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور گھانا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پینسٹھویں سالگرہ ہے۔ چین گھانا کو اس کے قومی حالات کے مطابق جدیدیت کی راہ پر گامزن کرنے میں مضبوط حمایت کرتا ہے

اور تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے گھانا کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔انہو ں نے کہا کہ چین منتظر ہے کہ گھانا چین کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے افریقی ممالک کے لئے نافذ العمل زیرو ٹیرف پالیسی سے فائدہ اٹھائے ۔ جون مہاما نے کہا کہ ان کا ملک ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے قائم ہے اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گھانا تجارت، ڈیجیٹل معیشت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی، معدنیات اور ثقافتی تبادلوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندی پر لے جانے کا خواہاں ہے ۔ ڈومینیکا کی صدر سلوینی برٹن سے ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ ڈومینیکا کیریبین میں چین کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار ہے۔ چین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور آفات کی روک تھام کے لیے ڈومینیکا کی صلاحیتوں کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے، صاف توانائی، صحت کی دیکھ بھال، زراعت اور خواتین کو بااختیار بنانے میں تعاون کو مضبوط بنانے اور دو طرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ سلوینی برٹن نے کہا ان کا ملک ایک چین کے اصول کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور یکطرفہ اور تسلط پسندی کی مخالفت اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ موزمبیق کی وزیر اعظم ماریہ لیوی سے ملاقات میں شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور موزمبیق کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے پچاس سال سے زائد عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی نے بین الاقوامی بحرانوں کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین موزمبیق کی آزادانہ طور پر اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے کی تلاش اور قومی اتحاد اور استحکام کو برقرار ر رکھنے میں حمایت کرتا ہے ۔چین دونوں ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے موزمبیق کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ ماریہ لیوی نے کہا کہ موزمبیق ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے، چین کی طرف سے تجویز کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز کی حمایت کرتا ہے، اور زیادہ منصفانہ عالمی گورننس سسٹم کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker