
اقوام متحدہ : اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھٹے کمیشن کے "قومی اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی” کے ایجنڈے کے تحت خطاب کیا ۔جمعہ کے روز انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا نئی افراتفری اور تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے ، یکطرفہ پسندی اور طاقتور ممالک کی بالادستی دن بدن بڑھ رہی ہے ، خودمختاری کی برابری اور دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت سمیت بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کو چیلنج کیا جا رہا ہے ، اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی سخت چیلنجز اور آزمائشوں سے دوچار ہے۔
اس تناظر میں چین "قومی اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی” کے موضوع پر چھ نکات پیش کرتا ہے۔ اول ، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصول بین الاقوامی تعلقات کے مسلمہ بنیادی اصول ہیں اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کے مرکزی عناصر ہیں۔ دوسرا ، بین الاقوامی قانون سازی کو تہذیبوں کے تنوع اور قانونی نظاموں کی کثرت کا احترام کرنا چاہیے ، تمام ممالک کی مساوی شرکت کو یقینی بنانا چاہیے ، اور خاص طور پر گلوبل ساؤتھ ممالک کے حق اظہار کو مضبوط بنانا چاہیے۔ تیسرا ، خودمختاری کی برابری جدید بین الاقوامی قانون کی بنیاد ہے۔ چوتھا ، معاہدوں کی پاسداری بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے ،
تمام ممالک کو ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے معاہدوں کی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ پانچواں ، تمام فریقوں کو ابھرتے ہوئے شعبوں اور غیر روایتی سلامتی کے شعبوں میں بین الاقوامی قواعد و ضوابط کی تشکیل میں تیزی لانی چاہیے ، ان شعبوں میں تعاون اور حکمرانی کے بین الاقوامی فریم ورک کی تعمیر کو فروغ دینا چاہیے جو عملی ضروریات کو پورا کرے ، حقیقی مسائل کو حل کرے اور تمام ممالک کے مشترکہ مفادات کے مطابق ہو۔ چھٹا ، تنازعات کا پرامن حل بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کا بنیادی اصول ہے ، ثالثی اقوام متحدہ کے چارٹر میں بیان کردہ تنازعات کے حل کا ایک طریقہ کار ہے ۔ اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے نے کہا کہ چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کرنے ، بین الاقوامی قانون پر مبنی بین الاقوامی نظم و نسق کو برقرار رکھنے ، کثیرالجہتی کو اپنانے ، عالمی حکمرانی کو بہتر بنانے ، بین الاقوامی تعلقات کی جمہوریت اور قانونی حکمرانی کو آگے بڑھانے ، اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔