
پیانگ یانگ:شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی اور عوامی جمہوریہ کوریا کی حکومت کی دعوت پر سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور چینی وزیر اعظم لی چھیانگ ایک وفد کے ہمراہ شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کے قیام کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور شمالی کوریا کے سرکاری دورے کے لیے بیجنگ سے ایک چارٹر طیارے کے ذریعے روانہ ہوئے۔
جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطابق لی چھیانگ پیانگ یانگ کے سونان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے مستقل رکن اور کابینہ کے وزیر اعظم پاک تائی سانگ نے پارٹی اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا اور لی چھیانگ کے لیے استقبالیہ تقریب منعقد کی۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا پہاڑوں اور ندیوں سے جڑے ہوئے ہمسایہ سوشلسٹ ممالک ہیں اور دونوں میں روایتی دوستی کا گہرا رشتہ موجود ہے۔ حالیہ برسوں میں، جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور جنرل سیکرٹری کم جونگ ان کی اسٹریٹجک رہنمائی اور ذاتی کوششوں کے تحت چین اور شمالی کوریا کے تعلقات میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔ لی چھیانگ نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے ساتھ مل کر دونوں پارٹیوں اور دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق کو عملی جامہ پہنانے، اسٹریٹجک روابط مضبوط کرنے، قریبی تعلقات برقرار رکھنے، باہمی دوستانہ تعاون کو فروغ دینے ،خطے اور دنیا میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لئے زیادہ کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے۔