
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے دفتر نے اس بات کی تصدیق کی کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی متعلقہ دفعات کے مطابق، 2006 سے 2010 تک سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کردہ ایران سے متعلق پابندیوں کی چھ قراردادیں مشرقی امریکی وقت کے مطابق 27 ستمبر کی رات 8 بجے سے دوبارہ نافذ ہو گئی ہیں۔ ان میں قرارداد 1696، 1737، 1747، 1803، 1835 اور 1929 شامل ہیں۔ مزید برآں، یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس نے 28 تاریخ کو ایک بیان جاری کیا ،جس میں اعلان کیا گیا کہ یورپی یونین فوری طور پر ایران پر جوہری معاملے سے متعلق پہلے سے اٹھائی گئی تمام پابندیوں کو دوبارہ بحال کرنا شروع کر دے گی۔
اس کے درعمل میں ایران کی وزارت خارجہ نے 28 تاریخ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے امریکہ کے اکسانے پر اور دباؤ میں آکر ایران جوہری معاہدے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 میں طے شدہ تنازعات کے حل کے میکانزم کا غلط استعمال کیا ، جو کہ غیر قانونی اور غیر معقول ہے۔ ایران اپنے قومی حقوق اور مفادات کا مضبوطی سے تحفظ کرتے ہوئے ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کا مناسب اور مضبوطی سے جواب دے گا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسی روز کہا کہ اگر کوئی ملک ان غیر قانونی قراردادوں کی بنیاد پر ایران کے خلاف کارروائی کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے ایران کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی خطرے اور ممکنہ جارحیت کا بھرپور طریقے سے جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔