
بیجنگ:چین کی سب میرین آئل اینڈ گیس پائپ لائنز کی کل لمبائی 10,000 کلومیٹر سے تجاوز کر گئی ہے، جو دنیا میں سرفہرست ہے۔ رواں سال کے آغاز سے چین کی زیر آب پائپ لائنز کی تعمیر میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ جزیرہ ہائی نان کے پانیوں میں ڈونگ فانگ 13-3 ایریا ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سے منسلک دو سمندری پائپ لائنز کامیابی سے فعال ہو گئی ہیں۔
چین میں خام تیل کی پیداوار کے سب سے بڑے مرکز خلیج بوہائی میں ملک کا سب سے گھنا سب میرین پائپ لائن نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے، جس میں آئل اینڈ گیس پائپ لائنز کی کل لمبائی 3,200 کلومیٹر سے تجاوز کر چکی ہے۔چین نے رواں سال اب تک تقریباً 200 کلومیٹر نئی مذکورہ پائپ لائنز تعمیر کی ہیں۔ منصوبے کے مطابق، چین کی زیر آب پائپ لائنز کی کل لمبائی 2030 تک 13,000 کلومیٹر سے تجاوز کر جائے گی۔ ان پائپ لائنز میں ہائیڈروجن اور شیل گیس جیسی صاف توانائی کی ترسیل کی صلاحیت بھی موجود ہے، جو توانائی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔