
راولپنڈی(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کی 7 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے 9 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کے جلد رخصت پر جانے کے باعث سماعت نہ ہو سکی، بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ کی درخواستوں کی سماعت بھی 9 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک نے کہا کہ بانی کی 7 مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت تھی، ہم صبح 8 بجے سے عدالت موجود تھے۔
وکیل فیصل ملک نے کہا کہ فاضل جج کے میڈیکل لیو کے باعث سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی، بانی کے طبی معائنہ اور میڈیکل بورڈ کی سماعت بھی 9 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔